12 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 2:59
کراچی: فائرنگ وحادثات کے مختلف واقعات میں 4افراد ہلاک
جیو نیوز - کراچی.........کراچی میں اب تک فائرنگ سمیت مختلف ٹریفک حادثات میں 4افراد ہلاک جبکہ6 زخمی ہوگئے۔ گلستان جوہر کے علاقے میں گھر کی چھت سے ملنے والے بم کو پولیس نے ناکارہ بنادیا۔ گلستان جوہر بلاک10 میں کامران چورنگی کے قریب مکان کی چھت سے بم ملا ہے، جس کو بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ چھت سے ملنے والے بم کا وزن آدھا کلو تھا۔
ایس پی گلشن اقبال کے مطابق جس گھر سے بم ملا ہے وہ ہدایت مسیح غوری کی ملکیت ہے اور بم کو کولڈ رنگ کی بوتل میں بنایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ برآمد ہونے والا بم بلدیاتی امیدوار کے گھر سے ملا ہے اور ہدایت مسیح غوری نے یوسی27 سے جنرل کونسلر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور ہدایت مسیح کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔
دوسری جانب اورنگی ٹائون رئیس امروہی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ماما سرفراز نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا علاقے میں زاتی جھگڑا چل رہا تھا۔ ناظم آباد میں عید گاہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے بعد میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر ملیر سٹی کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جس کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گلشن اقبال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ماموں اور بھتیجے زخمی ہوگئے جو بعد میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیے گئے۔ لیاقت آباد میں سپر مارکیٹ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ہلاک ہوگیا۔ لیاری ایکسپریس وے پر گاڑی کی ٹکر سے 17سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا اور سرجانی میں گاڑی کی ٹکرسے ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔