تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:3

نیٹو افغان مہاجرین کی واپسی میں تعاون کرے، جنرل(ر) عبدالقیوم

جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......سینیٹ میں دفاعی پیداوار کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا ہے کہ افغانستان سے بیرونی قبضے کے خاتمے کے سفر میں پاکستان اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے لیکن بین الااقوامی برادری اور نیٹو 3.5 ملین افغان مہاجرین کی پاکستان سے واپسی اور وہاں آباد کاری میں تعاون کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیٹو پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کیا۔

جرمنی کے الاشمتھ کی افغانستان پر پیش کی گئی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی سابق ڈیفنس سیکرٹری چیک ہیگل کے مطابق بھارت افغان زمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں سیکورٹی کے مسائل پیدا کردیا ہے۔ یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے بہت سارے داخلی معاملات کے باوجود پاکستان ہر صورت میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان ہر وہ کردار ادا کرنے پر تیار ہے جس پر ہمارے افغان بھائی راضی ہوں لیکن موجودہ حالات میں افغانستان میں مسائل کے حل کیلئے مالی مشکلات ،افغان افواج میں مہارت کا فقدان ، وار لارڈ کا منفی کردار اوریونٹی حکومت کے داخلی مسائل شامل ہیں جن پر بھرپور توجہ کی ضرورت ہے ۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ”افغانستان کا امن اور بہتر صورتحال پاکستان کے بھی مفاد میں ہے مگر پاکستان پہلے ہی بہت سے مسائل و مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں ساٹھ سے پینسٹھ ہزار افراد کی جانوں کانذرانہ دینے کے علاوہ ڈیڑھ ارب روپے کا مالی نقصان بھی برداشت کر چکا ہے ۔ اس کا مقصد یہی تھا کہ دہشت گردی کی جنگ جیت کر دنیا کو محفوظ بنایا جا سکے۔“

نیٹو پارلیمنٹ میں سینیٹر جنرل عبدالقیوم کے خطاب کو نہ صرف دلچسپی سے سنا گیا بلکہ پارلیمنٹ کے ارکان نے ان کے خیالات اور جذبات کو بے حد سراہابھی ۔ نیٹو پارلیمنٹ کے اجلاس کاآج آخری روز ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.