13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 12:0
وزیراعظم نوازشریف اسکول ٹیچر بن گئے۔۔۔!
جیو نیوز - اسلام آباد....وزیراعظم نوازشریف اسکول ٹیچر بن گئے،اسلام آباد کے سرکاری اسکول میں سہولتوں کا جائزہ لیا،واش روم بھی گئے کلاس رومز بھی گئے ، بچوں کا امتحان بھی لیا، کسی سے الف ب سنی ، کسی سے اے بی سی ڈی پوچھی ،اسکول کی تبدیلی کا حال پوچھا ،تو بچے بھی خوب سیانے نکلے۔
وزیراعظم آج اسلام آباد کےسرکاری اسکول گئے ۔ بچوں کے ساتھ گھل مل کرخود بھی بچے بن گئے تو کبھی استاد بن کر سوالات پوچھے ۔ بار بار بچوں سے پوچھا کہ اسکول پہلے کیسا لگتا تھا اور اب کیسا ہے ۔ جواب سن کر وزیراعظم بھی بہت خوش ہوئے۔
ایف ایٹ تھری میں آذان خان شہید ماڈل اسکول میں سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے وزیراعظم نواز شریف پہنچے تو ننھے منھے بچوں نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ عمارت کی تزئین و آرائش اور جدید سہولیات کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد وزیراعظم نے اسکول کے مختلف سیکشن کا دور ہ کیا، بچوں سے ملے ، اور ان سے سوالات بھی کیے۔
پہلی بار سرکاری اسکولوں میں بھی نجی اسکولوں کی طرح مونٹیسوری کلاسز کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔تعلیم کی ابتدا کرنے والے بچے وزیراعظم کو اپنے درمیان پاکر بہت خوش ہوئے ۔وزیراعظم نے کمپیوٹر ، سائنس لیب اور لائبریری میں جاکر سہولیات کا معائنہ کیا ۔
مختلف کلاسز میں جاکر وزیراعظم بچوں سے پوچھتے رہے کہ پہلے کے مقابلے میں اب انہیں اسکول کیسا لگ رہاہے ۔بچوں سے گفتگو کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے اساتذہ کو بھی نصیحت کی اور اسکول اور اسے ملنے والی سہولیات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ۔
اس اسکول کے ساتھ ساتھ وفاق کے دیگر 21اسکولوں میں بھی جدید دور سے ہم آہنگ سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔