15 اپریل 2016
وقت اشاعت: 13:16
کراچی چڑیا گھر کی کالونی میں گھر اور مندر گرانے کی افواہ
جیو نیوز - کراچی.........کراچی کے چڑیا گھر کی اسٹاف کالونی میں واقع اقلیتی برادری کے گھر اور مندر مسمار کرنے کی خبر افواہ ثابت ہوئی،ڈائریکٹر زو کا کہنا ہے کہ غلط خبر کے پیچھےغیرقانونی قابضین کا ہاتھ ہے۔
سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو کی جانب سے کراچی چڑیا گھر کی اسٹاف کالونی میں مقیم غیر مسلموں کے گھر اور مندر مسمار کرنے پر نوٹس کے بعد معلوم ہوا کہ خبر سراسر غلط ہے، گھر اور مندر مسمار کرنے کا دعویٰ کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ کچھ لوگوں نے اس کے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف انہوں نے پریس کلب پر احتجاج ریکارڈ کروایا ۔
دوسری جانب چڑیا گھر کے ڈائریکٹر فہیم خان نے بتایا کہ اسٹاف کالونی میں کوئی مندر موجود نہیں،بلدیہ عظمی ٰ کراچی کی جانب سے جب غیر قانونی طور پر مقیم افراد سے گھر خالی کروانے کی کوشش کی گئی تو اس قسم کی افواہیں پھیلائی گئیں۔