16 اپریل 2016
وقت اشاعت: 13:28
مردم شماری صوبائی حکومتوں کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ
جیو نیوز - کراچی......... پیپلز پارٹی کے تحت سندھ میں مردم شماری کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس ہوئی جس میں قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ خانہ و مردم شماری صوبائی حکومتوں کی نگرانی میں کرائی جائے، شماریات کا کام سول ملازمین کے اور سیکورٹی فوج کے حوالے کی جائے۔
سندھ میں مردم شماری کے معاملے پر وزیر اعلیٰ ہائوس کراچی میں کل جماعت کانفرنس وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں منعقد کی گئی، کانفرنس میں ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن، پی ایم ایل فنکشنل، پی ٹی آئی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
کانفرنس میں صوبے میں مردم شماری کے حوالے سے متفقہ قرار داد پیش کردی گئی۔قرارداد میں خانہ شماری کیلئے کم ازکم 10 دن اور مردم شماری کیلئے کم از کم ایک ماہ کی مدت مقرر کرنے کا مطالبہ کیاجبکہ مردم شماری کا کام سول انتظامیہ سے اور سیکورٹی کے فرائض فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کرانے کا مطالبہ کیا گیا ۔
قراردادمیں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ دوسرے صوبوں سے انتقال آبادی کے درست اعدادوشمار مرتب کیے جائیں۔قرار داد میں مزید کہا گیا کہ نادرا کو ہدایت کی جائے کہ غیر قانونی شناختی کارڈ رکھنے والے تارکین وطن کی نشاندہی کی جائے اور ایسے افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کیے جائیں اورشماریاتی ادارے کی گورننگ کونسل میں ہر صوبے کو مساوی نمائندگی دی جائے۔
قرار داد میں کہا گیا کہ مردم شماری کے حوالے سے نادرا کے 20 ارکان میں چاروں صوبوں سے مساوی افسران کا تقرر کیا جائے۔اجلاس میں مردم شماری کی ابتداء سے اختتام تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کا مطالبہ بھی قرارداد میں شامل تھا۔