16 اپریل 2016
وقت اشاعت: 14:49
لاہور لٹریری فیسٹیول، حاضرین پر ’’لو لیٹرز‘‘کا سحر طاری
جیو نیوز - لاہور.........لاہور لٹریری فیسٹیول کے دوسرے اور آخری روز بھی اے آر گرنی کے تحریر کردہ ڈرامے میں اداکاروں نے حاضرین کو اپنی گرفت میں کئے رکھا۔ عمران اسلم اور ریحانہ سہگل کی پرفارمنس نے شائقین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔
اے آر گرنی کا منفرد پلے لو لیٹرز لاہور لٹریری فیسٹیول کا خاصہ رہا۔لو لیٹرز کے کھیل میں پیش کیا گیا ہے کہ تمام زندگی محبت کرنے والے دو افراد کی خوشی، غم اور احساسات کے پیچ و خم انہی خطوط میں پنہاں رہے، ایک خط سے ان محسوسات کا آغاز ہوا اور ایک خط پر ہی منتج۔
کھیل پیش کرنے والے دونوں اداکار عمران اسلم اور ریحانہ سہگل نے اس حقیقت نگاری سے کھیل میں رنگ بھرا کہ الفاظ کا امتزاج اداکاروں کے پرفارمنس سے مل کر حاضرین کے دلوں میں اترتا رہا۔جس طرح کہانی کی شروعات پُراثر انداز میں ہوئی اس سے کہیں زیادہ گہرائی ، احساس غم ، جدائی کا کرب اور احساسات کی چاشنی اس کے اختتام میں دکھائی بھی دی اور سنائی بھی دی۔