18 اپریل 2016
وقت اشاعت: 16:46
اسمگلنگ اوربھتےکا الزام ،پولیس افسر کو عہدے سے ہٹادیا گیا
جیو نیوز - کراچی ......افضل ندیم ڈوگر....... کراچی میں ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ اور فروخت سے بھتہ لینے کی انکوائری کا سامنا کرنے والے پولیس افسر بلال قیوم کوعہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
جونیئر پولیس افسر بلال قیوم اپنی سروس کی پہلی ہی تعیناتی میں کراچی پولیس کے تین اہم عہدوں پر تعینات تھے۔ ذرائع کے مطابق بلال قیوم فیصل آباد سے تعلق رکھتے ہیں جن کے ایک بھائی فیڈرل سیکرٹری ہیں۔
15 ماہ قبل پولیس سروس میں بطور اے ایس پی جوائن کرتے ہی اُن کی پہلی تعیناتی کراچی کے پرکشش علاقے کیماڑی میں بطور اے ایس پی ہوئی تھی۔ 30 مئی 2015 کو انہیں ایس ڈی پی او ماری پور کے عہدے کا چارج بھی دے دیا گیا۔
ایس پی کیماڑی الطاف لغاری کا تبادلہ ہوا تو اپنے رینک سے بڑے گریڈ 18 کے عہدے کا چارج بھی اس جونئیر ترین پولیس افسر کو دے دیا گیا۔
ایس پی کیماڑی اور دیگر دونوں عہدے کراچی کے امیر ترین سب ڈویژن کہلاتے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس علاقے میں پولیس افسران کو ایک کروڑ روپے کی اوپر کی کمائی ہوتی رہی ہے۔
اسمگلنگ اوربھتےکا الزام ،پولیس افسر کو عہدے سے ہٹادیا گیا
ماری پور سب ڈویژن کی موچکو پولیس چوکی اوپر کی’آمدنی‘ کے حوالے سے کراچی کی امیر ترین چوکی کہلاتی ہے۔
اسپیشل برانچ نے گذشتہ ہفتے بلال قیوم کے خلاف ایرانی تیل کی اسمگلنگ اور فروخت سے بھتہ لینے کی رپورٹ جاری کی تھی۔ تاہم بلال قیوم کی جانب سے اس کی تردید کی گئی۔
ایک ساتھ تین عہدوں کے ساتھ وہ کیسے انصاف کرتےہیں یہ جاننے کے لئے بلال قیوم کو کئی فون کئے گئے مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔