تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 اپریل 2016
وقت اشاعت: 9:58

برطانوی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی اے آر وائی کیخلاف تحقیقات

جیو نیوز - لندن.........برطانوی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ’’آف کام‘‘ نے پاکستان کے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی جانب سے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پر الزامات کی خبر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق آف کام کو برطانیہ کے ناظرین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کہ اے آر وائی نیوز چینل کے ایک ٹاک شو میں ملالہ پر غداری، توہین رسالت اورغیر ملکی ایجنٹ ہونے کے غلط الزامات عائد کیے گئے۔

رپورٹ میں آف کام تحقیقات کے حوالے سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پیمرا اسی بات پر پہلے ہی اے آر وائی کے خلاف نوٹس لے چکی ہے اور ملالہ کے خلاف بے بنیاد الزامات کو نفرت انگیز قرار دے چکی ہے۔

پیمرا کے مطابق غداری اورکفرکے سرٹیفکیٹ دینا یا ملک دشمن اور اسلام دشمن قراردینا،کسی کا مسلمان ہونے یا نہ ہونے کافیصلہ کرنا ایک غیرذمہ دارانہ اورغیرپیشہ ورانہ حرکت ہے جو پیمرا قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

برطانوی اخبار نے بتایا کہ اے آر وائی چینل کے لندن آفس نے متعدد کوششوں کے باوجود اپنا موقف دینے سے انکار کیا ہے۔ پیمرا بیان کے مطابق کسی بھی ایسے پروگرام کا نشر کرنا پیمرا ترمیمی ایکٹ 2007 کی شق 20 ایف، پیمرا رولز 2009 کے رول 15 ایک اور ضابطہ اخلاق برائے برقی میڈیا کی شقوں 22 اور 23 کی صریح خلاف ورزی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.