19 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:45
طالبہ خودکشی کیس،طالبات کا بلوچستان ہائیکورٹ کے باہرمظاہرہ
جیو نیوز - کوئٹہ…ضلع قلعہ سیف اللہ کےعلاقے مسلم باغ کی خود کشی کرنےوالی طالبہ ثاقبہ حکیم کےلواحقین اور ساتھی طالبات و دیگر افراد کی جانب سے کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ کےسامنے مظاہرہ کیاگیا۔
خود کشی کرنےوالی طالبہ ثاقبہ حکیم کےلواحقین، اس کی ساتھی طالبات و دیگر افراد کے ہمراہ کوئٹہ میں ہائی کورٹ کی عمارت کےسامنے پہنچے جہاں انہوں نے مظاہرہ کیا ، مظاہرین کی جانب سے طالبہ کی خود کشی سےمتعلق انصاف کی فراہمی کےمطالبے کے حوالے سے نعرے لگائےگئے۔ان کاکہناتھا کہ ہمیں ابھی تک انصاف نہیں ملا اور ہمیں انصاف دیا جائے۔
مظاہرین نے ثاقبہ حکیم کاکڑ کی خودکشی کےمعاملے کی جوڈیشل انکوائری کرائے جانے کے علاوہ مسلم باغ گرلز کالج کو ثاقبہ حکیم کےنام سے منسوب اور کالج کی پرنسپل اور کلرک کےخلاف ایف آئی آر درج کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔
اسی اثناء میں احتجاج کےدوران ہائی کورٹ کے رجسٹرار نذیر احمدلانگو ہائی کورٹ کے باہر مظاہرین کےپاس پہنچ گئے ،جنہیں مظاہرین کی جانب سے ثاقبہ حکیم کی خودکشی کےمعاملےکےحوالے سے یادداشت پیش کی گئی ۔مظاہرین نے ثاقبہ حکیم کےمعاملے کی چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی بھی استدعا کی۔