20 اپریل 2016
وقت اشاعت: 9:21
پی آئی اے کے مزید 21 ملازمین کو شو کاز نوٹس جاری
جیو نیوز - کراچی..........نج کاری کے خلاف احتجاج میں شرکت کے الزام میں ملازمین کے خلاف پی آئی اے انتظامیہ کی کارروائی جاری ہے، بدھ کو مزید 21 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔
پی آئی اے انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ شوکاز نوٹس شعبہ انجینئرنگ کے ملازمین کو جاری کیے گئے ۔ ان میں پیاسی یونین کے صدر عبیداللہ خان کے علاوہ 2 افسران اور 2 ایئرکرافٹ انجینئرز بھی شامل ہیں۔
اب تک تقریباً 200 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں اکثریت شعبہ انجینئرنگ کے ملازمین کی ہے ، اس شعبے سے اب تک 2 ایئرکرافٹ انجینئرز سمیت 6 ملازمین کو نوکری سے نکالا بھی جاچکا ہے ۔
پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان نصراللہ خان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ایئرلائن کے سب سے حساس شعبے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ٹارگٹ کررکھاہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کا یہ رویہ طیارے اور مسافروں کی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔