تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 اپریل 2016
وقت اشاعت: 8:8

کراچی یاکچراچی؟فکس اٹ مہم کے بانی کی گرفتاری پر ساتھیوں کا احتجاج

جیو نیوز - کراچی......’’فکس اٹ‘‘ مہم کے بانی عالمگیر خان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر ان کے ساتھی سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

کراچی، کچراچی بننے لگا ہے، گندگی کے ڈھیر اوربدبوؤں کے جھونکوں میں شہری کس اذیت کا شکارہیں یہی بتانے ’’فکس اٹ‘‘ مہم کے بانی عالمگیر خان وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے کچرا پھینکنے پہنچے تو دھر لیے گئے، عالمگیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ساتھیوں نے سڑکوں پر قائم علی شاہ کی تصویریں پھر بنا دیں۔

سڑک پر سڑتے کچرے کی بدبو ناک کے راستے دماغ کو کیسے سڑاتی ہے،اسی اذیت کا احساس حکمرانوں کے نتھنوں تک پہنچانے کی کوشش آج کراچی میں کی گئی۔

شہر کے منہ کھلے گٹروں کو بند کرنے کی مہم سے لائم لائٹ میں آنے والے عالمگیر خان کچرے سے بھری ٹریکٹر ٹرالی لیے وزیر اعلیٰ سندھ کے دولت کدے کے قریب جا پہنچے، جہاں موجود قانون کے محافظوں نے پہلے تو پیار محبت سے سمجھانے کی کوشش کی،پر جب اپنی کرنے پر آئے عالمگیر خان نہ مانے تو موبائل میں بٹھا کر انہیں تھانے کی سیر کرادی گئی کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ بد بو سے وزیر اعلیٰ صاحب کا موڈ خراب ہوجائے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کا حال یہ ہے کہ روزانہ 12ہزار ٹن کچرے میں سے صرف 4ہزار ٹن ہی ٹھکانے لگتا ہے، باقی 8ہزار ٹن کو شہریوں کے اعصاب کچرا کرنے کے لیے سڑکوں، برساتی نالوں اور کچرا کنڈیوں پر چھوڑ دیا جاتا ہے، کراچی سے حکومت کی خاص محبت ہی ہے کہ کراچی اب کچرا-چی لگنے لگا ہے۔

ویسے یاد آیا،کہ 17جنوری کو سائیں قائم علی شاہ نے پورے شہر کے گٹروں کے منہ بند کرنےکے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دی تھی،ایک مہینہ سے زیادہ گزر گیا،چیک کرلیں،کہیں ڈیڈ لائن بھی تو کسی سیوریج لائن میں نہیں بہہ گئی۔

دوسری جانب عالمگیر کے والد دلاور خان نے حمایت کرنے پر کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کیاہے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگوں نے پہلے بھی عالمگیر کے کام کی وجہ سے اس کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.