21 اپریل 2016
وقت اشاعت: 9:29
سندھ اسمبلی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اکھاڑے میں تبدیل
جیو نیوز - کراچی......سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے اکھاڑے میں تبدیل ہوگئی۔حکومتی بل پر ایم کیو ایم کے ارکان نے شور شرابہ کیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا۔
ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا اوور اسمارٹ نہ بننےاور دوائی کھاکر آنے کا مشورہ دیتی رہیں،مزدوروں کے معاوضے سے متعلق حکومتی بل منظور ہوگیا جبکہ ایم کیو ایم کی تحاریک خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کردی گئیں۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضاکی صدارت میں ہواور اپوزیشن شور شرابا نہ کرے،یہ ہو ہی نہیں سکتا۔سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور انٹر پرنییور شپ بل 2015 ءپیش کیا توایم کیو ایم رہنما ارم عظیم فارقی نے بل پر بولنے کی اجازت مانگی،ڈپٹی اسپیکر نے اجازت نہ دی تو ارم فاروقی اپنی نشست پر کھڑی ہوگئیں۔
انہوں نے احتجاجی گفتگو کے دوران کنپٹی پر انگلی بھی رکھی، اس کے بعد شہلا رضا نے دیا ایسا کرارا جواب کہ ایم کیوایم ارکان ہتھے سے اُکھڑ گئے۔
نثار کھوڑو نے ڈپٹی اسپیکر سے ایوان کو آرڈر میں لانے کی درخواست کی تو ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ آپ بولتے رہیں، یہ تماشا ایسے ہی جاری رہے گا۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر کی بھی ڈپٹی اسپیکر سے نوک جھونک ہوئی۔صو بائی اسمبلی نے مزدوروں کے معاوضے کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا جبکہ ایم کیوایم کی تحریک استحقاق اور تحریک التواء خلاف ضابطہ قراردیکر مسترد کردی گئیں۔