21 اپریل 2016
وقت اشاعت: 21:51
گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے وزیراعظم کراچی پہنچ گئے
جیو نیوز - کراچی ....وزیراعظم نواز شریف کراچی پہنچے تو پی اے ایف بیس کراچی پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کو امن و امان سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم کراچی پہنچے تو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور دیگر سرکاری افسران نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ۔فیصل بیس پر مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی ، سلیم ضیاء، علی اکبر ، شاہ محمد شاہ اورشمیم اختر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم میاں نواز شریف سرجانی ٹاون سے نمائش تک گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب انوبھائی پارک مِیں ہوگی جہاں وزیر اعظم کی آمد سے قبل ہی اطراف کی گلیوں کو بند کرکے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے ۔
سترہ کلومیٹر سے زائد طویل اس منصوبے کی کل لاگت 16 ارب روپے ہے اور یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیاجائے گا۔کراچی ریلیف پیکج کے تحت منصوبے کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
میاں نواز شریف نے کراچی آمد کے بعد شہر میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ، ڈی جی رینجرز ، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور سینیٹر پرویز رشید بھی شریک تھے۔
دوسری جانب پھیپڑوں کے سرطان میں مبتلا انواراللہ وزیراعظم سے ملنے فیصل بیس پہنچ گیا ہے ۔17 سالہ انواراللہ کو چار سال قبل سرطان کا مرض لاحق ہوا۔ اس نے وزیراعظم سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ انواراللہ اس سے قبل ملالہ یوسف زائی سے بھی مل چکا ہے۔