22 اپریل 2016
وقت اشاعت: 6:45
لمحہ بہ لمحہ ؛وزیر اعظم کا دورہ کراچی۔۔۔گرین لائن منصوبہ
جیو نیوز - آپریشن کے ساتھ شہر میں جرائم میں کمی ہوئی، نواز شریف
کراچی......وزیراعظم میاں نواز شریف نے کراچی میں گرین لائن بس ریپڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ساتھ شہر میں جرائم میں کمی جبکہ ترقیاتی عمل شروع ہوگیا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے وقت میں ہم صرف ترقیاتی منصوبوں کی بات کریں گے ۔پاکستان خطے کا بہترین ملک ہوگا۔کراچی کے شہریوں کی بہتر سفری سہولت کی دیرینہ امیدجاگ اٹھی ۔وزیراعظم نوازشریف نے سرجانی ٹاؤن سے گرومندر تک پہلے گرین ریپڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیراعظم میاں نوازشریف نے خطاب میں کہا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے لئے بے حد ضروری ہے۔شہر کی ترقی کے تمام بڑے منصوبے مکمل کرینگے،لیاری ایکسپریس وئے کےمنصوبہ پر کام مارچ کےمہینےمیں شروع ہوجائیگا۔میاں نوازشریف نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا آنے والے وقت میں ہم صرف ترقیاتی منصوبوں کی بات کریں گےاورپاکستان خطے کا بہترین ملک ہوگا۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ کراچی سے لاہور تک موٹر وئے بنائی جارہی ہے۔کراچی سے حیدر آباد موٹر وئے پر کام جاری ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ حیدر آباد سے سکھر موٹر وئے پر جلد معاملات طےپاجائینگے جبکہ کراچی سے پشاور ،بلوچستان موٹر وئے کے ذریعے آپس میں مل جائینگے۔میاں نوازشریف نے کہاکہ بجلی بنانے کا شعبہ ہو، سڑکیں بنانےکا شعبہ ہو،تمام شعبوں میں کام شروع کردیا گیا ہے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے کچھ بچپن کے منصوبے
گرین لائن بس سروس کا سنگ بنیاد رکھے جانے کے موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے وزیر اعظم کے سامنے کراچی کا مقد مہ بھرپور طریقے سے پیش کیا ، کہا بچپن سے کچھ منصوبوں کے بارے میں سنتے آرہے ہیں اگر کسی نے بنانے کیلیے آنا ہے تو آجائے ورنہ ہم خود بناتے ہیں ۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گرین لائن بس سروس کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب کے موقع پر بھرپور فارم میں نظر آئے ۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے پر کھل کر نہ صرف اظہار خیال کیا بلکہ ترمیم کے ساتھ شعر بھی پڑھ ڈالا ۔
گورنر سندھ نے وزیراعظم کی توجہ ایک طرف لیاری ایکسپریس وے کے رکے ہوئے کام کی جانب دلائی تو دوسری طرف ملیر ایکسپریس وے کے منصوبے پر تاخیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم سے ذرا سی جنبش کی درخواست بھی کر ڈالی۔
گورنر سندھ نے نیشنل ہائی وے کی حالت زار کی وجہ سے کراچی کی شہریوں کی پریشانی کا بھی ذکر کیا اور ساتھ ہی کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کو اپنے بچپن کا منصوبہ قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلیے جائیکا نے آنا ہے تو آئے ورنہ ہم اسے خود ہی بنالیں گے ۔
گورنر سندھ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے سکھر تک موٹروے وے ایم 9 کے کام کو تیز کرنے کیلیے احکامات جاری کریں ۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا شکوہ
گرین لائن بس سروس میں 7 کلومیٹر کی کمی کردی گئی ۔ یہ خیال تھا وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا جس پرانہوں نے وزیراعظم سے شکوہ بھی کرڈالا لیکن وزیراعظم نے اپنی تقریب میں وزیراعلی سندھ کی تصیحح کردیاور کہا کہ گرین لائن پروجیکٹ تو 18 کلومیٹر سے بھی طویل ہے ۔
گرین لائن بس سروس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب کے موقع پر اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے گرین بس کا روٹ مختصر کردینے کا شکوہ کر ڈالا ۔
وزیراعلی سندھ کے شکوے کا جواب وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ گرین بس منصوبہ صرف 11 کلومیٹر ہوگا۔ گرین بس کا روٹ 18 کلومیٹر سے بھی زائد ہے اور اس کے روٹ پر 22 بس اسٹیشنز بھی ہوں گے ۔
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں سندھ حکومت کے اورنج لائن بس سروس پروجیکٹ کے آغاز میں تاخیر کی وجہ سے گرین لائن کو مزید توسیع دینے کا بھی اعلان کیا ۔
گرین کے بعدبلیو ، یلو ، ریڈ اور اورینج لائن بھی آئیں گی
وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں پانچ مزید بس لائنز اسی مدت میں پوری کرنے کی کوشش کریں گے ۔جلد اورینج لائن بس سروس پر کام شروع کرنیوالے ہیں ۔گرین لائن منصوبے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں ۔وزیراعظم کراچی کے منصوبوں اور کاموں میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے شکریہ کے بعد وزیراعظم سے ایک اور فرمائش بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے جانے کے موقع پر آج وزیراعظم سے بہت خوش نظر آئے ۔ کے فور سمیت شہر کے دیگر منصوبوں میں حصہ ڈالنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، تاہم گرین لائن کا روٹ مختصر کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔
وزیراعظم نے بیٹھے بیٹھے وزیراعلیٰ سندھ کی یہ پریشانی بھی دور کرکے ایک اور بار شکریہ کا موقع دیا۔ کراچی سے اپنے گھر خیرپور بذریعہ سڑک جانے کی پریشانی بیان کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے وزیراعظم سے ایک اور فرمائش کرڈالی ۔کہا سکھر حیدر آباد موٹر وے بھی بنادیں ۔
گرمیوں میں پھر پانی کی قلت کا عندیہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ،، احتجاج کرنے والے بہت تنگ کرتے ہیں ، پانی کی تقسیم بہتر بنانے کی کوشش کریں گے ۔
کراچی آپریشن کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت
کراچی کے مختصر دورے میں وزیراعظم نے کراچی میں امن وامان پر اجلاس کی صدارت بھی کی۔۔وزیراعظم نے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد پر حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ۔
وزیراعظم کراچی پہنچے تو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلی ٰ سید قائم علی شاہ، مسلم لیگ ن کے وفد اور دیگر سرکاری افسران نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔
میاں نواز شریف نے آمد کے بعد شہر میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ، ڈی جی رینجرز ، اور آئی جی سندھ نے مختصر بریفنگ دی ۔وزیراعظم نے پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کراچی آپریشن کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
ماس ٹرانزٹ سسٹم تو دُور، سرے سے ٹریفک کا نظام نہیں
دنیا کا طریقہ یہ کہ 10 لاکھ آبادی کے شہر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم لازمی لیکن دو کروڑ آبادی والے کراچی میں، ماس ٹرانزٹ سسٹم تو دُور سرے سے ٹریفک کا کوئی نظام ہی نہیں۔
دھواں اُگلتی، کھچاڑا، کھٹارا، اور ناکارہ بسیں اور ویگنیں، وہ بھی ضرورت سے اتنی کم کہ کام پر جانے اور واپس گھر آنے کے اوقات میں شہریوں کی اوقات خراب ہوجاتی ہے،رش ایسا کہ مسافر دروازوں، کھڑکیوں، پچھلے پائیدان حتیٰ کے چھتوں تک پر کھڑے، بیٹھے اور لٹکے ہوتے ہیں۔
ملک کی اقتصادی شہ رگ، اور معاشی حب کہلانے والے اس بدقسمت شہر کا عالم یہ ہے کہ بسیں اور ویگنیں کم پڑیں، تو شہریوں پر چنک چی اور دس سے بارہ سیٹوں والے رکشے چھوڑدیئے گئے، جنہوں نے شاہراہوں کو حادثات کا گڑھ بنادیا۔
جائیکا سروے کے مطابق کراچی میں 192 روٹس ہیں جن پر 9 ہزار کے لگ بھگ مسافر بسیں اور ویگنیں چل رہی ہیں 45 فیصد شہری پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں، لاکھوں شہریوں کیلئے ٹرانسپورٹ کی قلت کا اندازہ اس سے لگایئے کہ 45 مسافروں کو صرف ایک گاڑیوں کی ایک نشست میسر ہے،جبھی تو شہری پریشان ہیں۔
وزیراعظم کی کراچی آمد اور تیز رفتار بس سروس کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی خبر شہریوں کیلئے خوش خبری سے کم نہیں،، ان کا کہنا ہے اب وہ بھی لاہوریوں کی طرح،،ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت کا فائدہ اُٹھاسکیں گے۔
18کلومیٹر طویل ۔۔ریپڈ بس ٹرانسپورٹ سسٹم
وفاق کی جانب سے کراچی پیکیج کے تحت بننے والی 17.8کلومیٹر طویل گرین لائن 16 ارب روپے کی لاگت سے سرجانی ٹاون سے شروع ہوگی ۔اس روٹ پرگرین لائن بس 22 مختلف مقامات سے ہوکر گرومندر اور جامع کلاتھ تک پہنچے گی۔کراچی انفرا اسٹرکچر کمپنی کے سربراہ صالح فاروقی کا کہنا ہے کہ اگلے سال کے وسط تک اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔
ریپڈ بس ٹرانسپورٹ سسٹم میں ائیر کنڈیشنڈ بسیں چلیں گی جس میں بیک وقت 34 افراد سوار ہو سکیں گےجبکہ خواتین کے لئے 13 نشستیں مخصوص ہوں گی۔بی آر ٹی ایس کے اس منصوبے میں گرین ، اورنج ، اور یلو سمیت تمام روٹ ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے جبکہ مسافر ایک ٹکٹ لینے کے بعد ہر لائن سے استفادہ کرسکیں گے۔
معذور اور معمر افراد کے لئے رعایتی ٹکٹ ہوگا جبکہ روزانہ تین لاکھ سے زائد مسافر اس سفری سہولت سے فائدہ اُٹھائیں گے۔
مختصر،مختصر
اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی وزیراعظم نے متحدہ قومی مومنٹ کو نظرانداز کردیا۔ ایم کیو ایم کو گرین بس کے سنگ بنیاد میں مدعوکیاگیا لیکن وزیر اعظم انھیں ملاقات کے لیے وقت نہ دے سکے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی آمد پر پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا نوجوان انواراللہ سے ملاقات کی،،انہوں نے انوار کو والد کے ہمراہ عمرہ کرانے اور شہباز شریف سے ملاقات کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی
وزیراعظم کی آمد کا اعلان ہوتے ہی کراچی کی سوئی انتظامیہ جاگ گئی تھی،کہیں صفائی ستھرائی تو کہیں رنگ و روغن ،انتظامی پھرتیاں دیکھ کر شہری کہہ رہے ہیں، وزیر اعظم مستقل طور پر کراچی آجائیں تاکہ شہر رہنے کے قابل ہوسکے۔