22 اپریل 2016
وقت اشاعت: 21:13
پنڈی پولیس کا ڈرون کے ذریعے پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن
جیو نیوز - راولپنڈی.......راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازوں کو پکڑنے کے لیے اپنا یا ہے ایک انوکھا طریقہ،مدد لی جا رہی ہے ڈرون سے۔ مگر شہری سخت نالاں ہیں، اس لیے نہیں کہ پتنگ باز پکڑے جا رہے ہیں ۔
راولپنڈی میں آئی ہے پتنگ بازوں کی شامت،پولیس پڑ گئی ہے ہاتھ دھو کے ان کے پیچھے ،کس چھت پہ پتنگ باز ہیں یہ دیکھنے کے لیے ڈرون بھی اڑایا جا رہا ہے۔
400 کے قریب مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ ڈرون کیمروں سے دیکھ کر کارروائی کی جارہی ہے، پتنگیں پکڑ کر خود فروخت کرنے والا ایک پولیس اہلکار بھی معطل کیا جا چکا ہے۔ تھانوں میں پتنگیں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروئی ہو گی۔
پتنگ بازوں کو پکڑ کر دھڑا دھڑ مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، ان میں وہ بچے بھی شامل ہیں جو پتنگیں لوٹتے ہیں ۔ اسی سلسل میں ایک 14 سال کا بچہ بھی پتنگ لوٹتے ہوئے دھر لیا گیا۔
شہریوں کا اعتراض ہے کہ پولیس چھتوں پر ڈرون اڑا کراور گھروں میں چھاپے مار کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔جہاں چھاپہ مارتے ہیں گھروں میں گھس کر عورتوں کو گھسیٹتے ہیں۔
راول پنڈی کے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پتنگ بازی کے خلاف آپریشن میں پولیس کو کھلی چھوٹ نہ دی جائے، صرف پتنگیں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، نہ ملے گی پتنگ، نہ اڑے گی۔