25 اپریل 2016
وقت اشاعت: 16:26
مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا
جیو نیوز - اسلام آباد........وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا،اجلاس کے ایجنڈے میں ملک میں چھٹی مردم شماری کرانے کا معاملہ سرفہرست ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 28 واں اجلاس 11 ماہ 10 روز بعد 29 فروری کو وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوگا،جیونیوزنےایجنڈے کی کاپی حاصل کرلی ہے۔
9 نکاتی ایجنڈے میں صوبوں کے مطالبے پر مردم شماری کرانے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہناہےکہ مردم شماری کے حوالے سے محکمہ شماریات کی رپورٹ پیش کی جائیگی اورصوبوں کےاتفاق سے ممکنہ طورپرمردم شماری کا مرحلہ وار یاایک ہی وقت میں انعقاد کرانے کا فیصلہ کیاجائےگا۔
ایجنڈے میں پاور جنریشن پالیسی 2015 ،کچھی کنال میں بدعنوانیوں کی تحقیقاتی رپورٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔وفاق اورصوبوں میں تیل وگیس کی تلاش،ایل پی جی کی پیداوار اور تقسیم کی پالیسی 2015 منظوری کے لئے پیش کی جائےگی ۔ ایل این جی کی درآمد اور اس کےمنصوبوں پروفاقی وزیر پیٹرولیم بریفنگ دیں گے۔
نیپرا کی سالانہ رپورٹ اور صنعتوںٕ کی صورت حال پر بھی غور ہوگا۔اجلاس میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ترمیمی بل 2016 کومنظوری کے لئے پیش کیاجائےگا۔ ایجنڈے کے مطابق 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد ہائرایجوکیشن کمیشن اور دیگر اداروں اور وفاقی ملازمین کی صوبائی اداروں میں منتقلی کا معاملہ بھی زیرغور آئےگا۔
مشترکہ مفادات کونسل کی دو سالانہ رپورٹس منظوری کے لئے بھی پیش کی جائیں گی جبکہ نیشنل فوڈ پروٹیکشن کا چھٹا 10 سالہ منصوبہ منظوری کے لئے اجلاس میں پیش ہوگا۔