تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 اپریل 2016
وقت اشاعت: 6:9

پی ایس 76 ضمنی انتخابات:تیاریاں عروج پر، عوامی اتحاد کا بائیکاٹ

جیو نیوز - دادو .....رپورٹ،ریاض ناریجو....دھاندلی کے مبینہ الزامات کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پی ایس 76تحصیل خیرپورناتھن شاہ میں 3مارچ کو ضمنی انتخاب ہوگا، پیپلز پارٹی کے امیدوار سمیت 15 امیدوار انتخابات حصہ لے رہے ہیں، لیکن عوامی اتحاد کے بائیکاٹ کے بعد کانٹے دار مقابلے کی امید نہیں ہے۔

دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ پی ایس 76 میں ضمنی انتخاب کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرزکی تعد اد1 لاکھ 48 ہزار857 ہے، یہاں 134 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، پرامن انتخاب کیلئے ہر پولنگ اسٹیشن پرپولیس کے 10 اور رینجرز کے 3 جوان تعینات ہونگے، حلقے میں دفعہ 144نافذ کرکے ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگادی گئی ہے۔

الیکشن کمشنر حیدرآباد کے مطابق ضمنی انتخاب کو مانیٹرکرنے کیلئے 10 ٹیمیں بنائی گئی ہیں جبکہ شکایات درج کرانے کیلئے الیکشن کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا ہے۔ حلقےمیں پی پی کے انجینئرعبدالعزیز جونیجو سمیت 15 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں، تاہم گرینڈ الائنس کی جانب سے دادو اور نوشہروفیروز کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کےبعد عوامی اتحاد کے سربراہ لیاقت علی جتوئی نے اپنے بھائی احسان جتوئی کو انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا ہے، جس کے باعث اب اس حلقے میں کانٹے دار مقابلےکی توقع نہیں رہی ، لیکن دونوں جانب سے ایک دوسرے کو للکارنے کا سلسہ جاری ہے۔

پی پی امیدوار انجینئرعزیز جونیجونے کہا کہ چیلنج سے کہتا ہوں کہ مجھے بہت خوشی ہوگی اگر میرا روایتی مخالف الیکشن میں کھڑ ا ہواتو شرطیہ طور پر وہ خود میدان سے بھاگ نہ جائے ، مجھے قوی امید ہے کے عوام نے پہلے بھی جتایا، اب بھی جتوائیں گے ۔

سربراہ عوامی اتحاد پارٹی لیاقت جتوئی نے کہا کہ تم کہتےہو میں بھاگ گیا ہوں شکست کے خوف سے،عزیز جونیجو صاحب تم دھاندلی نہ کراؤ اور فوج کی نگرانی میں الیکشن کراؤ، اگر تم اپنی گھر کی پولنگ جیت گئے تو میں سیاست سے استعفی ٰدیدوں گا ۔

اس حلقےمیں 1988 سے 2013 تک ہوئے 7 انتخابات میں پی پی 4 بار جیت چکی ہے، 2013 کےانتخابات میں کامیاب پی پی کی امیدوار پروین عزیزجونیجو سے قیادت نے استعفیٰ طلب کیا تو انہوں نے پارٹی سے اختلاف کے باعث الیکشن ٹریبونل میں استعفیٰ دیتے ہوئےیہ بھی لکھ دیا کہ ان کے حلقے میں دھاندلی ہوئی ہے، جس پر الیکشن ٹریبونل نے مخالف امیدوار لیاقت جتوئی کو کامیاب قرار دیدیا تھا، تاہم آزاد امیدوار اصغر شیخ کی پٹیشن میں اعتراض کے بعد سپریم کورٹ نے اس حلقے میں ضمنی انتخاب کے احکامات جاری کیے تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.