تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:25

کوئٹہ میں ژالہ باری ،جنوبی پنجاب میں بارش سے موسم خوشگوار

جیو نیوز - کوئٹہ ......کوئٹہ میں شدید ژالہ باری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی،کراچی میں کہیںکہیں بوندا باندی ، رحیمیارخان ، ڈی جی خان اور بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوارہوگیا ۔

وادی کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،آج بھی موسلادھار بارش سے جل تھل تو ایک ہو گیا ، اس کےساتھ شہر میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے شہر میں برف کی سفید چادر سی بچھ گئی۔

دوسری جانب بارش سے 5 ماہ سے خشک ہنہ جھیل پانی سے بھر گئی،جس سے جھیل میں واٹراسپورٹس کا رک جانےوالا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا،وادی کوئٹہ میں اس ہفتہ کےآغاز پر شروع ہونےوالا بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش تو جاری ہی تھی کہ آج سہ پہر وادی کوئٹہ میں اچانک شدید ژالہ باری شروع ہوگئی ،کچھ دیر کی ژالہ باری سے مکانوں کی چھتوں ، سڑکوں اور گلیوں نے جیسے برف کی چادر اوڈھ لی۔

بارش کے بعد شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے صفائی کےدعووں اور نکاسِ آب کے ناقص نظام کی قلعی کھل گئی، سیوریج سسٹم میں خرابی کےباعث بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہوگیا، جس سے جہاں ایک طرف ٹریفک جام ہوا تو دوسری جانب شہریوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

بارش کےبعد وادی کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں کوئٹہ کےعلاوہ سبی، قلات، مکران اور نصیرآباد ڈویژن کےبیشتر علاقوں میں بھی مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.