1 مئی 2016
وقت اشاعت: 23:45
وزیراعظم نے گرین پاکستان پروگرام کی منظوری دیدی
جیو نیوز - اسلام آباد .......وزیراعظم نوازشریف نے ’گرین پاکستان پروگرام‘کی منظوری دیدی ، اس پروگرام کے تحت جنگلات اور وائلڈلائف کا تحفظ یقینی بنانے سمیت10کروڑ نئے درخت لگائے جائیں گے ۔
گرین پاکستان پروگرام کے تحت چین کی گریٹ گرین وال کی طرز پر آئندہ 5 سال میں10کروڑ نئے درخت لگائیں جائیں گے۔جنگلات کے تحفظ اور بحالی کے منصوبے کے لیے50 فیصد اخراجات وفاق اور باقی 50 فی صد صوبے برداشت کریں گے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ پروگرام کےروڈ میپ کی تیاری کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی وفاق کے تمام یونٹس کو اعتماد میں لے ، تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے ٹاسک پوراکرنے میں کردار ادا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جنگلی وآبی حیات کو لاحق خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کی جائے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے زولوجیکل سروے جلد کرانے کے انتظامات کرے،جنگلی حیات کے تحفظ اور پارکس کی ادارہ جاتی وانتظامی بحالی بھی کی جائے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی جنگلات کے خاتمے کی وجوہات سے متعلق سہ ماہی بنیادوں پررپورٹ تیار کریں گی ۔