3 مئی 2016
وقت اشاعت: 11:6
کمال اور قائم خانی کی آمد سیاسی پیشرفت ہے، گورنر سندھ
جیو نیوز - کراچی......گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائمخانی کی آمد سیاسی پیشرفت ہے،دونوں کی باتیں سن رہا اور سمجھنےکی کوشش کررہا ہوں، جب معاملہ سمجھ میں آئے گا تو اس پہ بات کروں گا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے رات گئے عباسی شہید اسپتال اور کراچی ہارٹ ڈیزیز سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی باتوں کو سُن رہا ہوں اور سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں جب سمجھ جائوں گا تو اس پہ بات بھی کروں گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بات کی ہے اور یہ معاملہ انہیں کا موضوع ہے۔
اسپتالوں کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چند روز قبل عباسی شہید اسپتال کے مسائل کے حل کے حوالے سے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی تھیں لیکن ان کی ہدایات پر صرف 15 سے 20 فیصد عمل درآمد ہوا ہے جبکہ ہارٹ ڈیزیز سینٹر میں ادویہ کی کمی ہے۔
انہوں نے آج ایک بار پھر کراچی کے سرکاری اسپتالوٕں میں علاج معالجے اور صفائی کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔