5 مئی 2016
وقت اشاعت: 22:8
شب قدر دھماکے کے 2 شہید پولیس اہلکار سپرد خاک
جیو نیوز - شب قدر......شب قدر دھماکے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس کے بعد دونوں اہلکاروں کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ایک حوالدار نسیم نے خود پر فائرنگ کی پروا نہیں کی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش میں شہید ہوگیا۔
چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں سیشن کورٹ کے مرکزی دروازے پر ہیڈ کانسٹیبل میاں نسیم اللہ اور کانسٹیبل محمد یامین تعینات تھے، جنہیں تلاشی دیے بغیر کوئی عدالت کے احاطے میں داخل نہیں ہوسکتا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسی لیے خودکش حملہ آور نے سب سے پہلے فائرنگ کرکے کانسٹیبل محمد یامین کو نشانہ بنایا۔اس سے پہلے کہ وہ ہیڈ کانسٹیبل میاں نسیم اللہ پر فائرنگ کرتا اس بہادر سپاہی نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے فائرنگ کی اور خودکش حملہ آور کو پکڑنے کے لیے اس پر جھپٹ پڑا لیکن حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
ہیڈ کانسٹیبل میاں نسیم اللہ نے اپنی جان دے کر حملہ آور کو آگے جانے سے روک دیا۔ اگر وہ اس وقت جرأت کا مظاہرہ نہ کرتا تو عدالت کے اندر موجود لوگ بھی دہشت گردی کا نشانہ بن جاتے۔
دونوں شہید پولیس اہل کاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن چارسدہ میں ادا کی گئی، جس میں ایم این اے مولانا گوہر، سینئر صوبائی وزیر سکندر شیر پاؤ، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام اور ڈی آئی جی مردان سعید وزیر سمیت پولیس اہل کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل میاں نسیم اللہ کو شب قدر کے علاقے سروانی جبکہ شہید کانسٹیبل محمد یامین کو دریا پور میں سپرد خاک کردیا گیا۔