10 مئی 2016
وقت اشاعت: 22:58
کے پی کے :عدالتوں میں بائیومیٹرک سسٹم نصب کرنے کی ہدایات
جیو نیوز - پشاور......خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ نے تمام ضلعی عدالتوں میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں اور تعلیمی ا داروں کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
سنٹرل پولیس آفس پشاور میں اعلی ٰسطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ ناصر خان درانی نے متعلقہ پولیس حکام کو صوبہ کی تمام عدالتوں میں بائیو میٹرک سسٹم لگانے کے احکامات جاری کئے ۔
اجلاس میں تمام سرکاری عمارتوں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیاگیا، جبکہ تمام ضلعی پولیس سربراہان کو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ملکر سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
آئی جی ناصر خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام وکلاء اور دیگر اسٹاف کے فنگر پرنٹس ججز کی مشاورت کے بعد لئے جائیں گے، اجلاس میں فاٹا سے آنے والے مشتبہ افراد اور دہشتگردوں کے معاونت کاروں پر بھی خاص نظر رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔