11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:32
کابینہ کا ملک بھر میں یکساں لوڈ شیڈنگ کا فیصلہ
جیو نیوز - اسلام آباد… وفاقی کابینہ نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ یکساں کرنے اور ماہ رمضان میں سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں کو انکی آبادی کے تناسب سے بڑھانے کی تجویز منظور کرلی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اسلام آباد میں وزیراعظم راجا پرویزاشرف کی زیرصدارت ہوا، اس میں ملک کے اندر توانائی کی صورتحال ، خصوصی بجلی پیداوار کے امور پر غور کیا گیا، پانی و بجلی کے وفاقی سیکریٹری نے کابینہ کو ملک میں بجلی پیداوار بڑھانے کے حالیہ اقدامات اور ان کے نتائج سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایاکہ بجلی کا شارٹ فال کم ہوکر 35 سو میگاواٹ رہ گیا ہے، رواں سال قومی گرڈ میں مزید 2 ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہوجائے گی، سرکاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ملک بھر میں بجلی کی یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے گی اور روزوں کے دوران سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی کی جائے گی، کابینہ فیصلے کے مطابق وفاقی وزیر قانون ، وزیر بین المذاہب ہم آہنگی اور وزیر مذہبی امور پر مشتمل کمیٹی بنا ئی گئی جو غیر مسلموں کو آبادی کے تناسب سے اسمبلیوں میں نشستوں کے اضافہ کی سفارشات تیار کرے گی، یہ سفارشات کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش ہوں گی۔