12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:46
حکومت زرداری کی کرپشن چھپانے کی کوشش کررہی ہے، احسن اقبال
جیو نیوز - اسلام آباد … پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت صدر زرداری کی کرپشن چھپانے کیلئے آئین سے گھناوٴنا کھیل کھیل رہی ہے، جس کے نتائج حکومت کوبھگتنا پڑیں گے۔ مرکزی سیکریٹریٹ مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جھگڑے کا پارلیمنٹ کی بالا دستی سے کوئی تعلق نہیں، اس کا مقصد صرف سوئس بینکوں میں موجود 6 کروڑ ڈالرز بچانا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے پاس سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں اور اگر اس نے یہی کھیل جاری رکھا تو قوم کی ہمدردی بدعنوان حکمرانوں کے ساتھ نہیں بلکہ لوٹی دولت واپس لانے کیلئے عدلیہ کی کوششوں کے ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فرد واحد کی کرپشن کو چھپانے کیلئے پورے جمہوری نظام کو داوٴ پر لگانے نہیں دیا جاسکتا۔