14 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:25
وزیراعلیٰ بلوچستان نے 8 کان کنوں کے اغواء کا نوٹس لے لیا
جیو نیوز - کوئٹہ … وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کان کنوں کے اغواء کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کی باحفاظت بازیابی کی ہدایت کردی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمداسلم رئیسانی نے گزشتہ روز 8 کان کنوں کے اغواء کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اغواء کاروں کے خلاف موٴثر اور نتیجہ خیز کارروائی کی جائے اور مغوی کان کنوں کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد بالخصوص غریب کان کنوں کا اغواء اور انہیں قتل کرنے والے انسانیت کے دشمن اور سخت سزا کے مستحق ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان اغواء کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔