16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 10:49
ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی 3روزہ مہم آج سے شروع
جیو نیوز - کراچی… ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی 3روزہ مہم آج سے شروع ہو گئی ہے لیکن قبائلی علاقے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں طالبان کی جانب سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر پابندی کے باعث ایک لاکھ سے زائد بچے پو لیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائیں گے۔ مہم کے دوران 5سال سے کم عمرکے 3 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیوسے بچاوٴکے قطرے پلائے جائیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس بار پہلی مرتبہ پاک افغان اور پاک چین سرحد پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ عوامی مقامات پر خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائیں گی۔وفاقی حکومت نے مہم کے لیے یونین کونسلوں کو ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی ہے۔دوسری جانب شمالی اور جنوبی وزیرستان ایجنسی میں طالبان کی جانب سے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے پر پابندی لگائی گئی تھی، جس کے باعث دونوں ایجنسیوں کے ڈھائی لاکھ کے قریب بچے پولیو کے قطرے نہیں پی سکیں گے۔ طالبا ن نے گزشتہ ماہ امریکی ڈرون حملوں کے خلاف انسداد پولیو مہم پر پابندی عائد کی تھی۔