19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:20
پاک،افغان برطانوی قیادت کا امن کوششیں تیز کرنے پر اتفاق
جیو نیوز - کابل… پاکستان ،برطانیہ اور افغانستان کیدرمیان کابل میں سہہ فریقی مذاکرات میں سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس میں امن کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ جو دہشتگرد افغانستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ پاکستان میں بھی عدم استحکام چاہتے ہیں۔ کابل میں افغان صدر حامد کرزئی ،پاکستان کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں افغانستان میں امن واستحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں ملکوں کے درمیان افغان سرزمین پر ہونے والے پہلے سہہ فریقی مذاکرات میں افغان امن کیلئے مربوط کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سے پہلے افغان صدر کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ طالبان کیلئے واضح پیغام ہے کہ وہ دوہزار چودہ میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا انتظار نہ کریں کیونکہ عالمی برادری لمبے عرصے تک افغان حکومت کیساتھ تعاون اور ان کی حمایت جاری رکھے گی۔ افغانستان کو غیر مستحکم کرنیوالے دہشتگرد پاکستان میں بھی عدم استحکام چاہتے ہیں۔ اس موقع پر افغان صدر نے کہا کہ امن عمل افغان حکومت کا اہم مقصد ہے جو جاری رکھا جائیگا۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے افغان دارالحکومت میں پاکستان کے سفارت خانے کی نئی عمارت قائداعظم کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔