21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:36
پسند کی شادی کرنیوالے افغان جوڑے کو سیکورٹی دی جائے،ہائیکورٹ
جیو نیوز - پشاور… پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے پسند کی شادی کرنے والے افغان جوڑے کو پاکستان میں جان سے مارنے کی خبر پر ازخود نوٹس لیکر جوڑے کو عدالت طلب کرلیا۔ابیٹ آباد میں مقیم بائس سالہ افغان لڑکی مریم نے افغان لڑکے حیواد سے شادی کرکے افغانستان سے فرار ہوکر پاکستان آئی ہے جہاں ان کو اپنے افغان رشتہ داروں کی طرف سے جان سے مارنے کی اطلاعات ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے ان خبروں کا ازخود نوٹس لیا ہے اور جوڑے کو پیر 23جولائی کو عدالت طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس نے کمشنر ہزارہ اور ڈی آئی جی ہزار کو حکم دیا ہے کہ افغان جوڑے کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔ دوسری طرف ڈسٹرک اینڈ سیشن جج کو جوڑے کو درپیش خطرات کی اطلاعات کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔