22 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:45
شمالی وزیرستان میں آپریشن ہوتوافغانستان سے حملے روکیں گے، جنرل ایلن
جیو نیوز - کراچی…کمانڈر ایساف جنرل جان ایلن نے کہا ہے کہ اگر پاکستان شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کرے توایساف اس امر پر خصوصی توجہ دے گی کہ افغانستان سے پاکستانی علاقوں میں در اندازی نہ ہو۔شمالی وزیرستان سے ملحقہ افغان علاقے میں ایساف فورس کی تعداد سے متعلق ایساف کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایساف فورس یہاں بڑی تعداد میں موجود ہے تاہم وہ اس کی دُرست تعداد نہیں بتا سکتے۔جنرل جان ایلن نے یہ بات بتانے سے بھی گریز کیا کہ آیا اُن کے اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان ہونی والی آپریشنل میٹنگز میں شمالی وزیرستان میں ممکنہ آپریشن یا اس کے وقت پر بات ہوئی یا نہیں۔تاہم جنرل جان ایلن نے بتایا کہ ان میٹنگز میں پاک افغان سرحدکی دونوں جانب دوطرفہ آمدورفت پر بات ہوئی ہے۔جنرل ایلن نے اس بات کی سختی سے تردید کی کے سلالہ واقعہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ انھوں نے بتایا کہ پرویز کیانی کے ساتھ حالیہ ملاقات میں اس امر پر بات ہوئی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے یقینی طورپرکیسے بچا جائے۔