تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:41

پارلیمنٹ عدلیہ کی آزادی بڑھاتوسکتی ہے،کم نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ

جیو نیوز - اسلام آباد… وفاق نے توہین عدالت کے خلاف نئے قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے مقدمہ کی سماعت فل کورٹ میں کرنے کی استدعا کی ہے، ججز نے نئے قانون کو تنقیدی ریمارکس کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ کسی کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں، پارلیمنٹ ، عدلیہ کی آزادی بڑھا تو سکتی ہے لیکن اسے محدود نہیں کرسکتی ۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی ، وفاق کے وکیل شکور پراچہ کاکہناتھاکہ مقدمے کی اہمیت کے پیش نظراس کی سماعت کچھ عرصہ کے بعد فل کورٹ میں کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ایسے ایک کیس کا چاررکنی بنچ فیصل کرچکا ہے، موجودہ بنچ میں بھی سینئر ججز شامل ہیں ، اسکا جلد فیصلہ ہونا چاہیئے۔ اٹارنی جنرل کاکہناتھاکہ تیاری کے لئے 2 ہفتے دئے جائیں، درخواست گزار وکیل بازمحمدکاکڑ کے وکیل نے دلائل میں کہاکہ نئے قانون سے آئین کے آرٹیکل 248 میں ترمیم کی کوشش کی گئی،چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی قانون سازی لسٹ میں بھی عدلیہ کی آزادی کیلئے ضمانت موجود ہے،اپیل کا حق ہوتا ہے لیکن یہ حق کنٹرولڈ ہوتا ہے، جسٹس جواد خواجہ نے کہاکہ پارلیمنٹ ، عدلیہ کی آزادی بڑھا تو سکتی ہے لیکن اسے محدود تو کیا ہی نہیں جاسکتا، نیا قانون جائز ہے تو پھر عدالت کو اسکینڈلائز کرنا توہین عدالت نہیں ہوگی، چیف جسٹس نے کہاکہ ہمارا پہلا اصول یہ ہے کہ قانون کو بچایا جائے، توہین عدالت قانون میں وہی اضافہ ممکن ہے جس کی آئین اجازت دے، ایک درخواست گزار وکیل چودھری اکرام نے کہاکہ توہین عدالت کا نیا قانون این آر او ہے، یہ آئین کی روح کے بھی منافی ہے، جسٹس تصدق جیلانی نے کہاکہ آئینی آرٹیکل 204 کے تحت عدالتی کارروائی میں مداخلت ، توہین ہے، نئے قانون میں ہے کہ توہین تب ہوگی جب کسی عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہو، کیا یہ آئین کے مطابق ہے؟ چیف جسٹس نے کہاکہ توہین عدالت قانون کیلئے آرٹیکل 204 سے باہر نہیں نکل سکتے، عدالتی فیصلے عوامی ملکیت ہوتے ہیں، اس پر فیئرکمنٹس کرنا جرم نہیں، ،ایک درخواست گزار محموداخترنقوی نے کہاکہ نیا قانون ، راجا پرویزاشرف کو بچانے کیلئے لایا گیا، چیف جسٹس نے انہیں کہاکہ راجا پرویزاشرف کے خلاف یہ توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہورہی، آپ کیس پر رہیں ، بعد میں سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.