23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:37
لاہور :پھول نگر میں واپڈا کے دفتر پر لوگوں کا حملہ
جیو نیوز - لاہور …لاہور کے قریب قصبہ پھول نگر جمبر میں لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے، مشتعل افراد نے ملتان روڈ بلاک کر کے واپڈا دفتر کے ریکارڈ کو آگ لگا دی۔پھول نگر جمبر کے رہائشی ماہ رمضان میں بھی بجلی کی گھنٹوں بندش اور زائد بلوں پر سراپا احتجاج بن گئے ، واپڈا کے خلاف نعرے لگاتے گھروں سے نکل آئے،حکومتی دعووں کے برعکس سحری اور افطار کے دوران بھی بجلی غائب رہنے پر مظاہرین مشتعل نظر آئے،حکومت اور واپڈا پر بھرپور انداز میں غصہ اتارا، مظاہرے کے دوران دو گھنٹے تک ملتان روڈ پر ٹریفک معطل رہی ، مظاہرین لیسکو سب ڈویژن جمبر میں گھس گئے ، دفتر کے فرنیچر اور ریکارڈ کو جلا ڈالا،دو گھنٹے بعد پولیس پہنچنے پر مظاہرین منتشر ہو گئے،لیسکو حکام نے توڑ پھوڑ کے الزام میں 200 افراد کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست دے دی،ادھر چیف ایگزیکٹو لیسکو نے پتوکی فیڈر کے انچارج کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔