23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:9
پاسپورٹ اسکینڈل:ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم قائم
جیو نیوز - اسلام آباد…سینئرمشیرداخلہ رحمان ملک نے مبینہ پاسپورٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے،کمیٹی کوتین دن میں واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ اورذمہ داروں کوگرفتار کرکے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیاہے۔جیونیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر مشیرداخلہ رحمان ملک نے غیرملکی اخبار میں شائع ہونے والے مبینہ پاسپورٹ اسکینڈل کانوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیاہے،ڈی جی آئی ایف آئی اے کی سربراہی میں قائم ہونے والی کمیٹی میں نادرا،آئی ایس آئی اور آئی بی کے حکام شامل ہوں گے،کمیٹی تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی جبکہ ملوث اہلکاروں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی حکم دیاہے۔جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کی محکمانہ تحقیقات کا حکم دے دیا،انہوں نے بتایاکہ میڈیا سے پتہ چلنے کے بعد واقعہ کا ہرپہلو سے جائزہ لیا جارہاہے،چیئرمین نادرا نے کہاکہ ملوث افراد کا پتہ لگانے کے لئے محکمے کے سینئر افسران پر مشتمل انٹرنل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیاہے ،ان تحقیقات میں اگر کوئی اہلکار یا افسر ملوث پایا گیاتوقانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی،اُدھر وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے جیونیوز کو بتایا کہ پاسپورٹ بنوانے کے لئے نادرا کا ڈیٹا بیس استعمال کیاجاتاہے اور نادرا کے شناختی کارڈ کی بنیاد پر پاسپورٹ کااجراء ممکن ہوتاہے،نادرا کے تصدیق شدہ ڈیٹا کے بغیر جعلی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنوانا ناممکن ہے،وزارت داخلہ کے حکام کا کہناہے کہ نادرا اور پاسپورٹ میں بڑے پیمانے پر محکمانہ تحقیقات کا فیصلہ کرلیاگیاہے۔