تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:33

ینگ ڈاکٹرز نے سروس اسٹرکچر سے متعلق تجاویز پیش کردیں

جیو نیوز - لاہور… مطالبات کے حق میں مریضوں کے علاج معالجے سے انکار کرنے والے پنجاب کے ینگ ڈاکٹروں نے لاہور ہائی کورٹ کے روبرو 5 صفحات پر مشتمل اپنے کیریئر اسٹرکچر کے لئے تجاویز پیش کردیں جس پر ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے ان تجاویز کو قابل عمل ہونے سے متعلق رائے حاصل کرنے کے لئے پنجاب حکومت کے حوالے کرتے ہوئے 31 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت کے روبرو ینگ ڈاکٹروں کے خلاف درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ ڈاکٹروں نے عدالتی حکم پر پیش کئے گئے کیریئر اسٹرکچر کی تجاویز میں کہا کہ ڈاکٹروں کے تین کی بجائے چار کیڈر بنادیئے جائیں جن میں جنرل کیڈر ،ٹیچنگ کیڈر ،اسپیشلسٹ کیڈر اور ہیلتھ مینجمنٹ کیڈر شامل ہوں ،ایم بی بی ایس اور ڈینٹل سرجنز کا بھی ان چاروں کیڈر کے مساوی سروس اسٹرکچر ہونا چاہیئے۔دستاویز میں کہا گیا کہ تمام ڈاکٹروں کاتقرر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ریگولر بنیادوں پر کیا جائے سینیئر رجسٹرار اور کنسلٹنٹ کے عہدوں پر میڈیکل افسروں کی ترقی پوسٹ گریجوایٹ تجربہ کی بنیاد پر طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیئے۔ینگ ڈاکٹروں کی تنخواہوں کے حوالے سے موجودہ تنخواہوں کے ہمراہ بنیادی تنخواہوں کے برابر ہیلتھ پروفیشنل الاوٴنس بھی ادا کیا جائے ، پہلے سے ادا کیا جانے والا ٹیچنگ الاوٴنس کلینیکل ڈیپارٹمنٹ کے ٹیچر کو بھی ادا کیا جائے ایڈوانس انکرینمٹس بحال کئے جائیں ،ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کو نان پریکسٹسنگ الاوٴنس اور ہر ڈاکٹر کو بنیادی تنخواہوں کے برابر رسک الاوٴنس ادا کیا جائے ،ہاوٴس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹس کے لئے سہولتوں کو بہتر بنایا جائے تمام اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حفاظت کے لئے زیرو ٹالیسسرنس زون قائم کیا جائے۔اسپتال انتظامیہ کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے جائیں ڈاکٹروں کوسود کے بغیر قرضے دیئے جائیں تمام ڈاکٹروں کو ہاسٹلز میں مفت رہائشی سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ ہفتہ میں زیادہ سے زیادہ اوقات کار 48 گھنٹے مقرر کئے جائیں اور اس سے زیادہ اوقات میں کام کرنے پر ادائیگی کی جائے۔ دریں اثنا ینگ ڈاکٹروں کی طرف سے سیکرٹری صحت پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درکواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ ینگ ڈاکٹروں کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے عدالت نے اس کو زیر التوا رکھتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کردی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.