25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 10:27
سوئس حکام کو خط لکھنے کی مہلت ختم، سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی
جیو نیوز - اسلام آباد… سپریم کورٹ این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت آج کرے گی، سوئس حکام کو خط لکھنے کے لیے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کو دی گئی عدالتی مہلت بھی آج ختم ہو رہی ہے۔12جولائی کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ اگر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سوئس حکام کو خط لکھنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کیا تو ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں عدالت نے 25 جولائی تک کی مہلت دی تھی۔ منگل کو اٹارنی جنرل عرفان قادر نے وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اپنی کابینہ کے فیصلوں پر عمل کرنے کے پابند ہیں اور انہیں ابھی اس سلسلے میں کوئی مشورہ نہیں دیا گیا۔متفرق درخواست کی صورت میں وفاقی حکومت کے جواب میں کہا گیا ہے کہ این آر او سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے مقدمے میں سپریم کورٹ کی طرف سے 27 جون اور 12 جولائی کو جاری کیے گئے احکامات قانون اور ضابطہ کار کے تحت نہیں آتے، اس لیے یہ احکامات غیر قانونی ہیں۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے ملک کے چیف ایگزیکٹو کو ایسے احکامات دینا آئین کے آرٹیکل 248 اے کی خلاف ورزی ہے ، وزیراعظم کے حلف میں لکھا ہوا ہے کہ وہ آئین کا دفاع کرے گا اور وہ آئین کے منافی عدالتی احکامات ماننے کے پابند نہیں ہیں۔ عدالت وزیر اعظم کو این آر او سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے حکم جاری نہیں کر سکتی۔