تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:42

لندن: رحمان ملک کی الطاف حسین سے ملاقات، صدر کا اہم پیغام پہنچایا

جیو نیوز - لندن … سینئر وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے لندن میں ملاقات کی اور انہیں صدر پاکستان آصف علی زرداری کا اہم پیغام پہنچایا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کودرپیش خطرات، دیگر داخلی و خارجی قومی مسائل اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لندن سے جاری بیان کے مطابق سینئر وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے گزشتہ روز ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے لندن میں ملاقات کی، ملاقات میں اس بات کااعادہ کیاگیاکہ ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی ملک کی سلامتی، امن و استحکام، جمہوریت کی بقاء اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے مزید فعالیت کے ساتھ ملکر کام کریں گی۔ رحمان ملک نے پاکستان میں جمہوریت کی بقاء کیلئے الطاف حسین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ ملک میں منتخب جمہوری حکومت اپنے 5 سال پورے کرنے جارہی ہے جس میں ایم کیوایم کا تعاون اور الطاف حسین کا رول نہایت اہم ہے۔ سینئر مشیر داخلہ نے ملک میں سیاسی ہم آہنگی، بھائی چارے، امن و استحکام اور افہام و تفہیم کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے تمام سیا سی و مذہبی جماعتوں سے رابطوں، ملاقاتوں اور بات چیت کے سلسلے کوملک کیلئے نہایت خوش آئند قرار دیا اور اس پر صدر آصف علی زرداری کی جانب سے الطاف حسین کو مبارکباد پیش کی۔ الطا ف حسین نے وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک سے کہاکہ ملک میں داخلی استحکام کے ساتھ ساتھ کراچی سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی پرقابوپانے اور قیام امن کیلئے حکومت کو مزید موٴثر اقدامات کرنے ہونگے۔ الطاف حسین نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل خصوصاً رمضان المبارک میں گراں فروشی اوربجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کیلئے حکومت کی جانب سے موٴثر اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی مشیر داخلہ نے الطاف حسین کویقین دلایاکہ حکومت گراں فروشی پر قابو پانے کی بھرپورکوشش کررہی ہے جبکہ بجلی کا بحران انشاء اللہ چند ہفتوں میں حل ہوجائیگا۔ الطاف حسین نے رحمان ملک کو دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ دہشت گردی پر قابو پانے اور قیام امن کے سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.