اللہ ہی اللہ

میں نے تیری آنکھوں میں پڑھا اللہ ہی اللہ
سب بھول گیا یاد رہا ، اللہ ہی اللہ

پھولوں میں بسی چاندنی راتوں کی نمازیں
خوشبو سے ستاروں کی دعا ، اللہ ہی اللہ

پیڑوں کی صفائی پاک فرشتوں کی قطاریں
خاموش پہاڑوں کی ندا ، اللہ ہی اللہ

بادل کی عبادت ہے برستا ہوا پانی
آنسو کی غزل حمد و ثناء ، اللہ ہی اللہ

اک پھول نے کونین کی دولت مجھے دے دی
آنسو سے ہتھیلی پے لکھا اللہ ہی اللہ

ہم دونوں اسی پاک سمندر کی ہیں لہریں
لا ہاتھ میرے ہاتھ میں لا ، اللہ ہی اللہ

اک نام کی تختی کا مجھے شوق ہوا تھا
پانی پے ہواؤں نے لکھا اللہ ہی اللہ

وہ سورت یاسین کی کافور کی خوشبو
مہکے ہووے پھولوں کی ردا ، اللہ ہی اللہ

Posted on Feb 16, 2011