14 فروری 2011
وقت اشاعت: 14:23
انڈونیشیا
انڈونیشیا
جمہوریہ انڈونیشیا آبادی کے لحاظ سے دنیائے اسلام کا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس کا رقبہ سات لاکھ اکتالیس ہزار ستانوے مربع میل پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ تیرہ ہزار جزائر کا مجموعہ ہے اور جنوب مشرقی ایشیا میں خط استوا کے اوپر واقع ہے۔ دنیا کا گنجان ترین جزیرہ جاوہ (Java)اسی کا حصہ ہے۔ انڈونیشیا کا بیشتر حصہ پہاڑیوں اور وسیع میدانوں پر مشتمل ہے۔ اس کے تمام جزائر کا موسم خوشگوار حد تک ٹھنڈا ہوتا ہے البتہ کچھ نچلے حصے گرم مرطوب ہیں۔
جکارتہ ملک کا دارالخلافہ اور مشہور بندرگاہ ہے۔ مشہور شہروں میں سرابایا، بنڈونگ بالی، میناڈو، یوگیکارتہ، میدان، سماٹرا، سیمرانج اور پلمبانگ شامل ہیں۔
انتظامی سہولتوں کی خاطر انڈونیشیا کو 29 صوبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ’روپیہ‘ کرنسی کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ انڈونیشیا کی کل آبادی سترہ کروڑ سے زیادہ ہے جس میں سے 94 فیصد مسلمان، 4 فیصد عیسائی اور 2 فیصد دیگر مذاہب کے لوگ آباد ہیں۔ انڈونیشی قومی زبان ہے مگر جاوی اور دوسری زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔ 61 فیصد لوگوں کا پیشہ کاشتکاری ہے۔
خوراک سازی، پارچہ بافی اور ہلکی صنعتیں انڈونیشیا کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ فصلوں میں چاول، اخروٹ، سویا بین، تمباکو، کافی، ناریل، چائے، چینی،تیل، کالی مرچ، پام آئل، الائیچی اور گرم مصالحہ قابل ذکر ہیں۔ ٹین، تیل، کوئلہ، بکسائٹ، مینگانائز، تانبا، نکل، سونا اور چاندی اس کی اہم معدنیات ہیں۔ سالانہ 15لاکھ میٹرک ٹن مچھلی بھی پکڑی جاتی ہے۔ جاپان، امریکہ، سنگاپور، مشرقی جرمنی اور پاکستان تجارتی ساتھیوں میں شامل ہیں۔ درآمدات میں چاول، کھادیں، کیمیکلز، لوہا، سٹیل،مشینری اور تیل سرفہرست ہیں۔