19 اپریل 2011
وقت اشاعت: 7:39
دوہا
دوہا (Doha) قطر (Qatar) کا اہم شہر اور دارالحکومت ہے۔ یہ شہر خلیج فارس کے مشرق کی جانب واقع ہے۔ دوہا ایک بہت اہم بندرگاہ ہے۔ زیادہ تر دوہا کی آبادی شہر کی حدود کے اندر رہتی ہے۔1970ءسے پہلے یہ بندرگاہ اتنی گہری نہ تھی لیکن اسے بعد میں گہرا کردیا گیا۔
1867ءمیں دوہا بحرین اور قطر کی جنگ کے دوران(جب یہ چھوٹا سا قصبہ ہوتا تھا) بُری طرح تباہ ہوگیا۔ اس کے ایک سال بعد برطانیہ نے محمد ابن ثانی کو قطر کا حکمران مقرر کیا۔ 1916ء میں ایک برطانیہ کی سیاسی ایجنسی نے یہاں پر اپنا دفتر قائم کیا اور پھر دوہا 1971ء میں آزاد ریاست قطر کا دارالحکومت بن گیا۔
چھوٹا سا شہر جس میں لوگ روایتی طریقوں سے مچھلیاں پکڑتے تھے، بیسویں صدی کے شروع میں350 کشتیوں کی آماج گاہ بن گیا۔ اس کے بعد اس نے بہت تیزی سے ترقی کی اور بتدریج ایک بڑا شہر بنتا گیا۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد ملنے والے تیل کے ذخائزنے اس کی معاشی حالت پر بہت اچھا اثر ڈالا اور یہ دنیا کے چند امیر ترین ممالک میں سے ایک بن گیا۔ اس شہر میں نیشنل فشنگ کمپنی ہے جو ملاحوں کو کشتی رانی اور مچھلیاں پکڑنے کے نئے اور جدید ذرائع سے روشناس کرواتی ہے۔
سیاحوں کی توجہ کے لیے اس شہر میں بہت سے بازار اور گورنمنٹ ہاؤس ہے جو 1969ء میں تعمیرہوئے ۔ یہاں پر دوہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہے جو کہ شہر کے جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے۔قطر یونیورسٹی کا قیام 1973ء میں عمل میں آیا اور نیشنل میوزیم 1975ء سے یہاں ہے۔