1 جون 2011
وقت اشاعت: 11:52
لیبیا:اتحادیوں کا راس لانوف میں فوجی تنصیبات پر فضائی حملہ
اے آر وائی - راس لانوف : لیبیا میں اتحادی افواج کے حملے جاری ہیں۔ تازہ حملوں میں راس لانوف کے قریب فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر مصراطہ میں باغیوں اور فوج کے درمیان گزشتہ روز سے جاری جھڑپوں میں اٹھارہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
غیرملکی نشریاتی اداروں کے مطابق اتحادی افواج کے فضائی حملوں اور بحری ناکہ بندی کے باوجود باغی زیرقبضہ علاقوں پر کنٹرول برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور لیبیائی فوج نے راس لانوف، نوفلیہ اور بن جواد سے باغیوں کو پسپاکردیا ہے۔
تاہم باغیوں کا کہنا ہے کہ پسپائی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اور وہ ان علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرلیں گے۔ ادھر یوگنڈا کے صدرنے کہاہے کہ معمر قذافی ان کے ملک میں جلاوطنی اختیار کریں تو انہیں خوش آمدید کیا جائے گا۔ جبکہ برطانیہ نے کرنل معمر قذافی کی حمایت جاری رکھنے پر پانچ لیبیائی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب لیبیائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ باغیوں سے تیل خریدنے والی عالمی کمپنیوں کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں گے۔