2 اپریل 2011
وقت اشاعت: 20:3
جاپانی وزیراعظم کا جوہری تابکاری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
اے آر وائی - ٹوکیو: جاپان کے وزیراعظم ناوتوکین نے ہفتہ کو سونامی اور تابکاری کے اثرات سے متاثرہ علاقوں کا دور ہ کیا اور امدادی کارکنوں اور شیلٹرز میں رہائش پذیر متاثرہ افراد سے بات چیت کی۔ وزیراعظم ناوٴتوکین نے اس موقع پر ایک سکول میں رہائش پذیر بے گھر افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کا عمل مکمل ہونے تک حکومت ان کی مدد جاری رکھے گی۔
جاپانی وزیراعظم نے متاثرہ جوہری پلانٹ کے گرد قائم حفاظتی زون کے اندر بھی ایک گاوٴں کا دورہ کیا۔ اس علاقہ میں امدادی ٹیموں نے ایک مرکزی دفتر بھی بنا رکھا ہے جو جوہری پلانٹ کے 6ری ایکٹرز کو ٹھنڈا کرنے کیلئے ہنگامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ دریں اثناء ہزاروں جاپانی اور امریکی فوجیوں نے زلزلہ اورسونامی میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے آخری کوششیں شروع کر دیں جو تین دن تک جاری رہیں گی۔ جاپانی حکام نے اب تک 11 ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت اور 16500 افرادکے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔