2 اپریل 2011
وقت اشاعت: 20:40
قندھار:قرآن پاک جلانے کیخلاف احتجاج، نوافراد ہلاک، 81 زخمی
اے آر وائی - قندھار : افغان صوبے قندھار میں قرآن پاک جلانے کے واقعہ کے خلاف احتجاج کے دوران نو افراد ہلاک اور اکیاسی زخمی ہوگئے۔ جبکہ کابل میں نیٹو افواج کے اڈے پر حملے میں تین طالبان مارے گئے۔
گورنر قندھار کے ترجمان کے مطابق فلوریڈا میں امریکی پادری کے ہاتھوں قرآن پاک کا نسخہ جلانے کے خلاف احتجاج میں سیکڑوں افراد جمع تھے کہ ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ جس میں نو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
گزشتہ روز بھی مزار شریف میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کے دوران اقوام متحدہ کے دفتر پر حملے میں دس غیرملکی ہلاک ہوگئے تھے۔ دوسری جانب کابل کے مضافات میں نیٹو کے اڈے پرحملہ کرنے والے دو برقع پوش طالبان دھماکا خیز مواد پھٹنے کے باعث مارے گئے۔ تیسرے حملہ آور کو افغان پولیس نےفائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔