4 اپریل 2011
وقت اشاعت: 11:11
کرنل قذافی نے باغیوں سے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کردیا
اے آر وائی - طرابلس : لیبیا کے رہنما کرنل معمر قذافی نے ملک میں جاری خانہ جنگی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ ا دھر لیبیا کے مختلف شہروں میں فورسز اور باغیوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ مصراتہ میں پھنسے سینکڑوں زخمیوں کو لے کر ترکی کا امدادی جہاز بن غازی پہنچ گیا۔
یہ بات لیبیا کے نائب وزیر خارجہ عبدل اتی عبیدی نے ایتھنز میں یونانی وزیراعظم سے ملاقات میں کہی۔ نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے یونانی وزیراعظم کو کرنل قذافی کا ایک پیغام پہنچایا ہے اور کہا کہ قذافی حکومت ملک میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور بحران کا حل ڈھونڈنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ ادھر لیبیا کے مختلف شہروں میں باغیوں اور قذافی فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ باغیوں نے مصراتہ سے قذافی کی فوج کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ البریقہ میں باغیوں نے شہر کی یونیورسٹی پر قبضہ کرلیا۔
دوسری طرف ترک وزیر خارجہ کے حکم پر ترکی کا ایک امدادی جہاز مصراتہ میں پھنسے سینکڑوں زخمیوں کو لے کر بن غازی پہنچ گیا۔ ترک فضائیہ کے دس ایف سولہ لڑاکا طیارے اور دو فریگیٹس امدادی جہاز کی حفاظت کررہے ہیں۔ زخمیوں کا کہنا ہے کہ مصراتہ کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور شہر ایک ماہ سے بجلی اور پانی سے محروم ہے۔