4 اپریل 2011
وقت اشاعت: 22:4
قذافی حکومت بحران کا حل ڈھونڈرہی ہے، یونانی وزیر خارجہ
اے آر وائی - ایتھنز : یونانی وزیر خارجہ ڈیمٹرس ڈروٹراس نے کہا ہے کہ معمر قذافی کی حکومت ملک میں جاری بحران کا حل ڈھونڈنے کی تلاش میں ہے۔ پیر کو انہوں نے یہ بات یونانی وزیراعظم جارج پیپڈریو سے لیبیا کے سفیر عبداللتی عبیدی کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یونانی وزیراعظم نے دو دن قبل بھی اپنے لیبیائی ہم منصب کو ٹیلی فون کرکے مسئلہ کے حل کے ممکنہ پہلوؤں پر بات چیت کی تھی۔
یونانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ لیبیا کے سفیر کی ملاقات میں ہم نے عالمی برادری کے واضح پیغام کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ معمر قذافی کی حکومت اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد، فوری جنگ بندی، تشدد اور جنگی اقدامات اور عام لوگوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں بند کرے۔ یونانی حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ یونان لیبیا میں جنگ کے خاتمہ کیلئے بڑا کردار ادا کر سکتا ہے۔