تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
4 اپریل 2011
وقت اشاعت: 22:6

یمن مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالے،خلیج تعاون کونسل

اے آر وائی - ریاض : خلیج تعاون کونسل نے ایران سے کہا ہے کہ وہ خلیجی عرب ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت اور اس حوالے سے بیانات سے گریز کرے جبکہ کونسل نے یمن کی حکومت اور اپوزیشن سے کہا ہے کہ وہ معاملات کو حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ریاض میں ہوا جس میں کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔



اجلاس کی صدارت متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایران کے مبینہ خفیہ ایجنڈے پر تشویش کا اظہار کیا اور بااثر ایرانی پارلیمانی پینل کی جانب سے بحرین سے خلیجی عرب ممالک کی افواج کی واپسی سے متعلق بیانات کو تنقید کو نشانہ بنایا۔



اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ خلیجی عرب ممالک نے اپنی افواج مانامہ حکومت کی درخواست پر بھیجی تھی اور اس حوالے سے ایرانی بیانات خلیجی ممالک کے اندرونی معاملات کے مترادف ہے۔ اجلاس میں ایران کی جانب سے خطے میں کشیدگی میں اضافے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلے میں کویت میں بے نقاب کئے جانے والے ایک مبینہ ایرانی خفیہ سیل کا حوالہ دیا گیا۔ اجلاس کے بعد ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کویت اور بعض خلیجی عرب ممالک کی جانب سے ایرانی سفارتکاروں کو ملک سے نکالنے سے متعلق معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سعودی عرب ، بحرین، قطر ، کویت ، اومان اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.