7 اپریل 2011
وقت اشاعت: 20:58
رابرٹ گیٹس کی شاہ عبدالله بن عبدالعزیز سے ملاقات
اے آر وائی - ریاض: امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے ریاض میں سعودی فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ عبدالله بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملاقات میں امریکی وزیر دفاع نے خادم الحرامین الشریفین کو صدر بارک اوباما کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امریکہ اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ اوردیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
قبل ازیں پینٹا گون کے ترجمان جیف موریل نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکی وزیردفاع اور شاہ عبدالله کے مابین ملاقات میں بحرین میں ایرانی مداخلت ایجنڈے میں سرفہرست ہے ۔ بات چیت میں ایران توجہ کا مرکز رہے گا۔ ترجمان نے کہاکہ ایران سے خطے کے کئی ملکوں کی سلامتی کوخطرہ لاحق ہے اور پڑوسی ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے شورشوں کو ہوا دے رہا ہے ۔ بیرون ملک علاج معالجے سے واپسی کے بعد رابرٹ گیٹس کی سعودی فرمانروا شاہ عبدالله سے یہ پہلی ملاقات ہے ۔