8 اپریل 2011
وقت اشاعت: 10:19
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، امریکا
اے آر وائی - واشنگٹن : امریکا نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں پاکستان میں اداروں کی تعمیر نو اور جمہوریت کے استحکام کے لیے مدد جاری رہے گی۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہے اور پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کی جانے والی کوششیں انتہائی اہم ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کے بہتر مستقبل کے لیے پاکستان میں اداروں کی تعمیر نو اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے امریکی مدد جاری رہے گی۔
ترجمان نے اسرائیل پر حماس کے حملے کی مذمت کی تاہم اسرائیلی جارحیت پر کچھ بولنے سے گریز کیا لیبیا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ وہاں صورتحال کافی غیر واضح ہے اور باغی قبضے کیے گئے علاقے اجدابیہ کو چھوڑ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ باغی کوئی تربیت یافتہ فورس نہیں اس لیے ان سے مزاحمت کی توقع نہیں کی جاسکتی۔