8 اپریل 2011
وقت اشاعت: 19:56
عرب ممالک میں اصلاحات کیلئے مظاہرے،لیبیا میں لڑائی
اے آر وائی - طرابلس: عرب ممالک میں سیاسی و سماجی اصلاحات کیلئے مظاہرے جاری ہیں،لیبیا میں فوج نے مصراطہ شہر پر تازہ حملہ کیا۔ ادھر اقوام متحدہ کا کہناہے کہ انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ جبکہ یمن میں ہزاروں افراد نے صدر علی عبداللہ صالح کیخلاف مظاہرہ کیا۔
عالمی نشریاتی اداروں اور عرب میڈیا کے مطابق لیبیائی فوج کے مصراطہ شہر پر حملے کے دوران باغیوں سے گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ باغیوں کا کہناہے کہ فوج شہر میں گھسنے کی کوشش کررہی ہے۔ تاہم اسے سخت مزاحمت کا سامناہے۔ باغیوں نے کہاکہ نیٹو ان کی مدد کرنے کے بجائے ان پر حملے کررہاہے۔
ادھرنیٹو کے نائب کمانڈر نے برسلز میں میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز باغیوں کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اتحاد کو معلوم نہ تھا کہ باغی ٹینک استعمال کررہے ہیں۔ تاہم آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ اقوام متحدہ کا کہناہے کہ لیبیا میں انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات کیلئے تین رکنی پینل تشکیل دے دیا گیاہے۔اور تحقیقات جلد شروع کی جائیگی ۔
ادھر شام میں صدر بشارالاسد کے اصلاحات کے اعلات کے باوجود ہزاروں لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ اور سیاسی و سماجی اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ ادھر مصر کے تحریر اسکوائر پر ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا اور سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حسنی مبارک خاندان سمیت شرم الشیخ میں نظر بند ہیں۔ ادھر بحرین، یمن اور دیگر عرب ممالک میں بھی مظاہرے ہوئے ہیں۔یمن میں ہزاروں افراد نے صدر علی عبداللہ صالح کیخلاف مظاہرہ کیا۔