10 اپریل 2011
وقت اشاعت: 13:23
بھارتی فوج کا لائن آف کنٹرول پر چینی فوج کی موجودگی کا دعویٰ
اے آر وائی - نئی دہلی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر چینی فوج کی موجودگی کا دعویٰ کیاہے۔ بھارت کی سیکرٹری خارجہ نروپما راؤ کا کہناہے کہ پاکستان سے کشیدگی بڑھانا بہتر نہیں، مسئلے کاکوئی اور حل تلاش کرنا ہوگا۔
بھارتی اخبار کے مطابق نادرن کمانڈ کے لیفٹیننٹ جنرل کے ٹی پرنائک نے ایک تقریب میں دعوی کیا کہ گلگت بلتستان میں چینی فوج موجود ہے۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بھارتی حکومت کے ذرائع کے حوالے سے بھی دعویٰ کیاہےکہ امریکی انٹیلی جنس نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ لائن آف کنٹرول پر چینی فوج کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ بارہ اپریل سے چین کا دورہ کرینگے۔ اور چینی صدر سے ملاقات میں اس مسئلے کو اٹھائینگے۔ ادھر بھارت کی سیکرٹری خارجہ نروپما راؤ نے بھارتی حکام کو بتایا کہ چینی فوج کی لائن آف کنٹرول پر موجودگی کے مسئلے کو پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھائے بغیر حل کیا جائیگا۔ ادھر پاکستان اور چینی وزارت خارجہ نے لائن آف
کنٹرول پر چینی فوج کی موجودگی کی رپورٹ کو مسترد کیاہے۔