11 اپریل 2011
وقت اشاعت: 10:39
لیبیا میں باغیوں نے اجدابیہ پر دوبارہ قبضہ کرلیا،عوام کاجشن
اے آر وائی - اجدابیہ : لیبیا میں باغیوں نے اجدابیہ پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے جبکہ نیٹو کے فضائی حملوں میں پندرہ لیبیائی فوجی مارے گئے۔ لیبیا کے صدر معمر قذافی نے لیبیا سے متعلق افریقی یونین کا امن منصوبہ قبول کرلیا۔ ادھر لیبیا کی صورتحال پر عرب اور یورپی ممالک کے دو اہم اجلاس بدھ اور جعمرات کو دوحا میں ہوں گے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق باغیوں نے اجدابیہ میں قذافی فورسز کو پسپا کرکے شہر کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے۔ اس موقع پر بن غازی میں سینکڑوں شہریوں نے باغیوں کی کامیابی پر جشن منایا۔ ادھر نیٹو افواج نے اجدابیہ اور مصراتہ میں لیبیائی فوج کے چھ گاڑیوں سمیت پچیس ٹینکوں کو تباہ کردیا۔ دوسری جانب طرابلس میں صدر معمر قذافی کے ساتھ ملاقات
کے بعد جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے میڈیا کو بتایا کہ لیبیائی صدر سے انکی ملاقات کامیاب رہی اور انہوں نے لیبیا مسئلے کے حل کے لئے افریقی یونین کا منصوبہ قبول کرلیا ہے۔
قذافی سے ملاقات کے بعد جیکب زوما پانچ رکنی وفد کے ساتھ بن غازی روانہ ہوگئے جہاں وہ باغیوں سے مذاکرات کریں گے۔ قاہرہ میں ترک وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عرب لیگ کے سربراہ امر موسیٰ نے کہا ہے کہ بدھ اور جمعرات کو دوحا میں دو اہم اجلاس منعقد ہوں گے جس میں لیبیا کے مسئلے کے سیاسی حل اور جنگ بندی پر بات چیت کی جائے گی۔ ان اجلاسوں میں عرب لیگ کے علاوہ یورپی ممالک اور دیگر علاقائی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے۔