1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:53
لیبیامیں ڈرون کا استعمال انسانیت کیخلاف جرم ہوگا۔وزیرخارجہ
اے آر وائی - طرابلس: لیبیا کے شہر طرابلس میں نیٹو افواج کے معمرقذافی کے کمپاؤنڈ پر حملے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ ادھر لیبیا کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مصراتہ سے فوج کو نکال کر باغیوں کے خلاف جنگ کیلئے قبائل کو آگے لایا جاسکتا ہے۔
لیبیامیں امریکی ڈرون طیاروں کا استعمال انسانیت کے خلاف جرم ہوگا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیٹو افواج نے لیبیا کے دارالحکومت کے مرکزی حصے پر فضائی حملے کئے۔ جس کے بعد شہر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ معمر قذافی کے کمپاؤنڈ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔
ادھر مصراتہ میں سرکاری فوج اور باغیوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ لیبیائی فوج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر راکٹوں سےحملے کئے جبکہ باغی بھی بھرپور مزاحمت کررہے ہیں۔ دوسری جانب طرابلس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ خالد قائم نے کہاہے کہ لیبیا میں امریکی ڈرون کا استعمال انسانیت کیخلاف جرم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو افواج کے فضائی حملوں کے باعث سرکاری فوج کو مصراتہ میں کنٹرول کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر سابق امریکی صدارتی امیدوار جان مکین نے باغیوں کے زیر کنٹرول شہر بن غازی کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو باغیوں کو تسلیم کرکے منجمد فنڈ فوری طور پر انہیں منتقل کرنا چاہیئے۔